شہباز اور حمزہ پر فرد جرم عائد
پاکستان میں صوبہ پنجاب کے دارالحکومت میں قائم احتساب عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کی ہے ۔
شہباز شریف مسلم لیگ ن کے صدر اور پاکستان کی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں جبکہ حمزہ شہباز پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں جہاں تحریک انصاف حکومت میں ہے ۔
منگل کو نیب کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ آج رمضان شوگر مل ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد ہونا ہے ۔
جج نے پوچھا کہ رمضان شوگر مل ریفرنس ہے کیا ؟۔
نیب پراسکیوٹر نے جواب دیا کہ رمضان شوگر مل کے نالے بنانے میں عوام کا پیسہ استعمال کیا گیا ۔
شہباز شریف نے کہا کہ نیب نے غلط کیس بنائے ہیں ۔
جج نے شہباز شریف سے کہا کہ آپ انتظار کریں اپنی باری پر ضرور بولیے گا ۔ شہباز شریف نے کہا کہ دس سالوں میں خدا جانتا ہے 2300 ارب روپے بچائے ہیں ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس نالے میں کچھ نہیں کیا، کوئی غلط پیسہ استعمال نہیں ہوا ۔
بعد ازاں عدالت نے رمضان شوگر مل ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی ۔

