داعش سربراہ کی ہلاکت پر ٹرمپ خوش
Reading Time: < 1 minuteامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر کی ہلاکت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئےترکی، روس، شام اور عراق کا شکریہ ادا کیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو امریکی فوجی آپریشن میں ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ ’ابوبکر بغدادی دنیا کا نمبر ون دہشت گرد تھا۔‘
ٹرمپ کے مطابق ’ابوبکر البغدادی شام میں اپنے بچوں کے ساتھ ایک سرنگ میں موجود تھا۔ البغدادی نے خودکش جیکٹ کے ذریعے اپنے آپ کو اڑایا۔ خود کش دھماکے میں ان کے تین بچے بھی ہلاک ہوئے۔ ان کی لاش مسخ ہو چکی ہے اور ان کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوگئی ہے۔‘
صدر ٹرمپ نے البغدادی کو مارنے کے لیے امریکی آپریشن میں مدد کرنے پر ترکی، روس، شام اور عراق کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد ابوبکر البغدادی ’کتے کی موت‘ مارا گیا۔ ٹرمپ نے مزید کہا ابوبکر البعدادی کے ساتھ ان کے کئی دیگر دہشت گرد ساتھی بھی ہلاک ہو گئے ہیں۔