ایک غیر معمولی اور بہترین فلم
Reading Time: 2 minutesجن دوستوں نے سپینش مووی The invisible guest دیکھ رکھی ہے وہ یقیناً ماریو کیساس اور ان کی شاندار اداکارانہ صلاحیتوں سے واقف ہوں گے۔ انویزیبل گیسٹ سے پچھلے سال بھارت نے "بدلہ” بنا کر جانے کس جرم کا بدلہ لیا ہے- تاپسی پنو اور امیتابھ کی شاندار پرفارمینس بھی اس چربے کو اصل مووی جیسا تھرلر بنانے میں ناکام رہی۔ "پام ٹریز ان دا سنو” صرف ماریو کیساس کا نام دیکھ کر دیکھنے کا فیصلہ کیا اور تادیر افسوس ہوتا رہا کہ اب تک یہ شاہکار دیکھنے سے کیوں محروم رہا تھا۔
دو خاندانوں، دو ملکوں، دو نسلوں اور دو براعظموں پر محیط یہ شاندار لو سٹوری، سپینش زبان کے ایک بیسٹ سیلنگ ناول پر مبنی ہے- مضبوط سٹوری لائن، انتہائی شاندار سنیماٹوگرافی، تمام مرکزی کرداروں کی جاندار پرفارمینس اور ظاہر ہے بہترین ہدایتکاری۔ ڈائریکٹر فرنانڈو گونزیلیز کے بارے میں پڑھنے کو ملا کہ موصوف نے اس سے قبل صرف کمرشل کامیڈیز بنائی تھیں، اس لئے اتنی سنجیدہ بلکہ ٹریجک لو سٹوری کو اتنا سینسیبلی ہینڈل کر لینے پر وہ دہری داد کے مستحق ہیں۔
فلم کی کہانی، بیسویں صدی کے وسط کے ایکویٹوریل گنی جو کہ اس وقت ایک سپینش کالونی تھا، کے ایک قصبے کے گرد گھومتی ہے- آقاؤں اور غلاموں کی باہمی منافرت، نوآبادیاتی طاقتوں کے ہاتھوں وسائل کا استحصال اور نسل پرستی جیسے موضوعات کو مصنف اور ہدایتکار نے کہانی کے پس منظر میں رکھ کر اسے ایک پولیٹیکل ڈرامہ بنانے سے بچاتے ہوئے اپنا فوکس کیلیئن (ماریو) اور بیسیلا (برٹا ویکوئیز) کی محبت پر رکھا ہے- دونوں لیڈ ایکٹرز کا سپورٹنگ کاسٹ نے بھی خوب ساتھ نبھایا ہے۔
نیٹ فلیکس پر انگریزی ڈبنگ کے ساتھ دستیاب ہے اس لئے سب ٹائٹلز پہ نظر رکھنے والی اذیت سے بھی بچے رہنا ممکن ہے۔ یہ فلم آپ کے تین گھنٹے سے زائد لے گی مگر ان تین گھنٹوں کا آپ کو افسوس ہرگز نہ ہوگا یہ گارنٹی ہے۔ اس ویک اینڈ پہ ضرور دیکھیں اور اپنی رائے سے آگاہ فرمائیں۔
تعارف و تبصرہ: محمد اشفاق