پاکستان24 عالمی خبریں

سلیمانی کو ڈرون نے قطر سے نشانہ بنایا

ایران کے جنرل قاسم سلیمانی کو قتل کرنے کے منصوبے کی نگرانی امریکی ریاست نیواڈا کے ایئر فورس بیس سے کی گئی جبکہ ڈرون کو قطر کے العدید ایئر بیس سے اڑایا گیا۔

جنوری 5, 2020

سلیمانی کو ڈرون نے قطر سے نشانہ بنایا

برطانوی ذرائع ابلاغ نے امریکی فوج کے اعلیٰ حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں مارے گئے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی قطر سے اڑنے والے ڈرون سے داغے گئے میزائل کا نشانہ بنے۔

برطانوی ذرائع ابلاغ کے مطابق دو ہزار کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل ’ہل فائر ننجا‘ کو قطر کے العدید ملٹری بیس سے اڑنے والے امریکی ڈرون نے داغا۔

امریکی عسکری حکام نے برطانوی اخبار کو بتایا کہ ایک میزائل سے قاسم سلیمانی جبکہ دوسرے سے مہدی المہندس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ ڈرون کو ریاست نیواڈا میں امریکی ائیر فورس کی بیس سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔

امریکی فوج کے ذرائع کے مطابق بغداد میں ایرانی جنرل کی گاڑی کو نشانہ بنانے والے ڈرون کے ’بیک اپ‘ میں قطر کے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ہیڈ کوارٹر سے ایک اور ڈرون بھی اڑایا گیا مگر اس کے استعمال کی ضرورت پیش نہ آئی۔

امریکی ایئر فورس کی ویب سائٹ کے مطابق میزائل فائر کرنے والا ڈرون بغیر آواز پیدا کیے اڑتا ہے جبکہ جس میزائل نے جنرل سلیمانی کو ہلاک کیا اس کی کارگر رینج دو ہزار کلومیٹر کے لگ بھگ ہے۔

جمعے کو امریکہ کی جانب سے عراق کے دارالحکومت بغداد میں کیے گئے ایک فضائی حملے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی ہلاک ہو گئے تھے۔ 

ایران کے سرکاری حکام نے امریکہ سے جنرل سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

ایران میں سرکاری طور پر جنرل قاسم سلیمانی کی موت پر سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ ان کے آبائی علاقے میں جنازے کے لیے لاکھوں افراد امڈ آئے ہیں۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے