تانیہ ایدروس کا میرٹ کیا ہے؟
پاکستان کی پارلیمان کے ایوان زیریں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے ڈیجیٹل پاکستان کی فوکل پرسن تانیہ ایدروس کو طلب کیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کے سیکرٹری شعیب احمد صدیقی نے کمیٹی کو بتایا ہے کہ سوشل میڈیا کے رولز تیار کر رہے ہیں۔ جھوٹا پراپیگنڈا کرنے والوں کی گرفت ممکن ہوجائے گی۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا اجلاس چیئرمین علی خان جدون کی زیر صدارت ہوا۔ وزارت داخلہ کے حکام کی عدم حاضری پر چیئرمین کمیٹی علی خان جدون نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے وزارت داخلہ اس فورم کو سنجیدہ نہیں لے رہی۔ علی خان جدون نے سیکرٹری کمیٹی کو ہدایت کی کہ وزارت داخلہ کے سیکرٹری یا ایڈیشنل سیکرٹری کو اجلاس میں بلائیں۔
دوران اجلاس رکن کمیٹی ناز بلوچ نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اتنا بڑا پروپیگنڈہ ہورہا ہے، اپوزیشن کی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ سیکرٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے کمیٹی کو بریفنگ میں بتایا کہ سوشل میڈیا کے رولز تیار کررہے ہیں، جسے آن لائن ہارم ٹو پرسن کا نام دیا گیا ہے۔ ان رولز سے جھوٹا پروپیگنڈہ کرنے والوں کی گرفت ممکن ہوجائے گی۔ رولز کی تیاری کے بعد کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔

دوران اجلاس قائمہ کمیٹی اراکین نے تانیہ کی قابلیت پر سوال اٹھا دیئے۔ رکن کمیٹی ناز بلوچ نے کہا کہ تانیہ ایدروس کو گوگل سے خاص طور پر لایا گیا ہے۔ تانیہ کے بارے میں قائمہ کمیٹی کو تفصیلات دیں جائیں۔ پک اینڈ چوز کا طریقہ کار اختیار کیا گیا، جو مناسب نہیں۔ سیکرٹری آئی ٹی نے جواب دیا کہ وزیر لاعظم نے خصوصی کام پر انہیں مقرر کیا ہے۔ ناز بلوچ نے کہا کہ یہ وزیر اعظم کا دفتر ہے، عوام کے ٹیکس پر چلتا ہے۔ ایسا نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم آفس نے اس پر میریٹ کے مدنظر نہیں رکھا، کوئی اشتہار بھی نہیں دیا۔

رکن کمیٹی زین قریشی نے تجویز دی کہ تانیہ ایدروس کو کمیٹی میں بلایا جائے اور ان سے بریفنگ لی جائے۔ کمیٹی نے ڈیجیٹل پاکستان کی فوکل پرسن تانیہ ایدروس کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔ چیئرمین کمیٹی علی خان جدون نے ریمارکس دئیے کہ آئندہ اجلاس کا ایجنڈا ای کامرس پر رکھا گیا ہے۔ تانیہ ایدروس اور این آئی ٹی بی کے حکام کو بھی طلب کیا جائے۔

