اسلام آباد: محسن داوڑ رہا، 25 تاحال گرفتار
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس نے پشتون تحفظ موومنٹ سے تعلق رکھنے والے قومی اسمبلی کے رکن محسن داوڑ کو گرفتاری کے بعد رات گئے رہا کیا گیا تاہم ان کے ساتھ گرفتار 29 ساتھیوں میں سے صرف تین کو رہا کیا گیاہے۔
منگل کو پولیس کے مطابق گرفتار کیے گئے افراد اسلام آباد پریس کلب کے باہر منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف مظاہرہ کر رہے تھے اور انہوں نے اپنی ’حدود‘ پار کیں۔
تھانہ کوہسار پولیس نے عوامی ورکرز پارٹی کے کارکنوں کو بھی گرفتار کر کے ٹرک اور پولیس وین کے ذریعے پریس کلب کے باہر سے تھانے منتقل کیا تھا۔
تھانہ کوہسار پولیس سے جاری کی گئی گرفتار افراد کی فہرست میں تین خواتین بھی شامل ہیں جن کے نام ماریہ حبیب، عصمت شاہجہان اور منیبہ حفیظ ہیں۔
دیگر گرفتار افراد میں عمار راشد، سیف اللہ ناصر، نعیم اللہ، خرم قریشی، کامران خان، سید بخش، آصف کمال، شاہ رکن عالم، سردار عظیم، اسلام الدین، ارشد علی، سمیع اللہ، عمار خان، محمد انور، خیال الدین، ثاقب نواز، عاشق اللہ، محمد اشرف، صدام حسین، عالم گیر خان، عطا الرحمان، صدیق اللہ، محمد نوفل سلیمی، محمد ابراہیم اور زاہد خان شامل ہیں۔
خیال رہے کہ پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین کو گذشتہ روز پشاور میں گرفتار کر کے منگل کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں پشتون تحفظ موومنٹ سے وابستہ افراد اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے افراد منظور پشتین کی گرفتاری کے خلاف منگل کو احتجاج کر رہے ہیں۔

