کورونا وائرس سے 17 سو ہیلتھ ورکر متاثر
چین میں پھیلنے والی متعدی وبا کورونا سے اب تک 70 ہزار کے لگ بھگ افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 17 سو 16 ہیلتھ ورکرز بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق وائرس سے مرنے والے ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد میں بھی طبی عملے کے چھ افراد شامل ہیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس چین کے صوبے ہوبائی کے مرکزی شہر ووہان میں گزشتہ سال دسمبر کے وسط میں آیا تھا اور رواں برس جنوری کے دوسرے ہفتے میں اس کو سرکاری طور پر وبا تسلیم کیا گیا۔
کورونا وائرس دنیا کے 30 ملکوں تک پھیل چکا ہے جہاں چھ سو کے لگ بھگ افراد میں اس مرض کی تصدیق ہوئی ہے۔
جاپان کے ساحل پر لنگر انداز ایک سیاحتی کروز شپ پر موجود سینکڑوں افراد میں بھی اس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ سنگاپور، ملائیشیا، جاپان، ہانگ کانگ، امریکہ اور کینیڈا میں بھی اس وبا سے متاثرہ افراد کو الگ ہسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

