شاہی خاندان کے ویکسین کمپنی سے تعلقات، تنقید پر اپوزیشن لیڈر پر مقدمہ
Reading Time: < 1 minuteتھائی لینڈ میں حکومت نے ایک ارب پتی اپوزیشن رہنما پر اس الزام میں مقدمہ درج کیا ہے کہ انہوں نے ایک ایسی کمپنی سے کورونا ویکسین کی خریداری پر سوال اٹھائے تھے جس کے شاہی خاندان سے تعلقات ہیں۔
حال ہی میں تحلیل کی گئی سیاسی جماعت فیوچر فارورڈ پارٹی کے بانی تھانتھورن جوانگرونگرانگکت نے جنوری میں فیس بک پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں یہ پوچھا گیا تھا کہ کیا تھائی لینڈ اپنی کورونا ویکسینیشن مہم کے لیے ادویہ ساز کمپنی سیام بائیوسائنس پر کچھ زیادہ انحصار نہیں کر رہا؟
خیال رہے کہ اس کمپنی کی ملکیت تھائی لینڈ کے ارب پتی شاہی خاندان کے کراؤن پراپرٹی بیورو کے پاس ہے۔
منگل کو پولیس نے تھانتھورن پر مقدمہ درج کیا جس میں شاہی خاندان کی ہتک اور کمپیوٹر کے ذریعے جرم کی دفعات عائد کیں تاہم اپوزیشن رہنما نے الزامات کو ماننے سے انکار کیا اور اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔