ملالہ کا نکاح اور شادی پر بیان، والد کا مفتی پوپلزئی کو جواب
Reading Time: < 1 minuteنوبل انعام یافتہ پاکستانی ملالہ یوسفزئی کی شادی کے حوالے سے گفتگو پر پاکستان میں مذہبی حلقوں اور وینا ملک نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے جبکہ ان کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے اس پر وضاحت جاری کی ہے.
برطانوی میگزین ’ووگ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں نکاح اور ازدواجی زندگی سے متعلق ملالہ نےکہا تھا کہ ان کا خیال ہے کہ وہ شادی نہیں چاہتیں تاہم ان کی والدہ نے بتایا کہ ان کو ایسے باتیں نہیں سوچنا چاہئیں.
برطانوی فیشن میگزین ووگ میں شائع ہونے والے انٹرویو کے بعد ملالہ یوسفزئی سے منسوب چند جملے سوشل میڈیا پر بہت زیادہ شیئر کیے جاتے رہے، اس حوالے سے گفتگو کرنے والوں کی اکثریت نے ملالہ یوسفزئی کے نام اور ان کے انٹرویو کے موضوع سے متعلق کئی ٹرینڈز بھی بنائے ہیں.
ملالہ یوسفزئی کے انٹرویو کے اقتباسات پر جاری گفتگو کے دوران ایک پاکستانی مذہبی سکالر مفتی شہاب الدین پوپلزئی سے منسوب ٹوئٹر اکاؤنٹ نے ان کے والد سے پوچھا کہ ’کل سے سوشل میڈیا پرایک خبر زیر گردش ہے کہ آپ کی بیٹی ملالہ یوسفزئی نے رشتہ ازدواج کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کرنے سے بہتر ہے کہ پارٹنر شپ کی جائے نہ کہ نکاح۔ اس بیان سے ہم سب شدید اضطراب میں مبتلا ہیں۔ آپ وضاحت فرمائیں۔‘
جوابی ٹویٹ میں برطانیہ میں مقیم ملالہ یوسفزئی کے والد ضیاالدین یوسفزئی نے وضاحت کی کہ ’محترم مفتی پوپلزئی صاحب، ایسی کوئی بات نہیں۔ میڈیا اور سوشل میڈیا نے ان کے انٹرویو کے اقتباس کو سیاق و سباق سے نکال کر، تبدیل کر کے اپنی تاویلات کے ساتھ شیئر کیا ہے۔ اور بس۔‘
اس انٹرویو پر پاکستان کی سابق ایکٹرس وینا ملک نے ملالہ یوسفزئی کے خلاف سخت جملے استعمال کیے ہیں.