انڈیا میں سیلاب سے 15 ہلاک، 100 سے زائد لاپتہ
Reading Time: 1 minuteانڈیا کی ریاست آندھرا پردیش میں سیلاب سے 15 افراد ہلاک جبکہ 100 سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں.
آندھرا پردیش کے کڑپہ ضلع میں جمعے کو شدید بارش کے سبب آئے سیلاب میں پھنس جانے سے کم از کم 15 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ دیگر 100 لوگوں کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
جمعے کو کڑپہ ضلع کے مانڈپلے، اکیپاڈو اور نندلورو گاؤں میں بسیں سیلاب کے پانی میں پھنس گئیں۔ ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت مسافر بسوں کی چھت پر چڑھ گئے تھے۔ کچھ کو مقامی باشندوں نے بچا لیا جب کہ 30 لوگوں کے بہہ جانے کا اندیشہ ہے۔
نندلورو کے پاس ایک آر ٹی سی بس سے تین لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ گنڈلورو میں سات لاشیں ملیں، جب کہ تین لاشیں رائے ورم علاقے سے نکالی گئیں۔
اس سے قبل موسلادھار بارش کے سبب ضلع میں انّامیا تالاب ٹوٹ گیا، جس سے گنڈلورو، شیس ممباپورم اور منڈپلے کے آس پاس کے گاؤں میں سیلاب آ گیا۔ اننت پور ضلع میں چتراوتی ندی میں پھنسے 10 لوگوں کو ہندوستانی فضائیہ کے ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ ائیرلفٹ کیا گیا۔
مقامی افسران کے ذریعہ سیلاب کے پانی میں پھنسے لوگوں کو بچانے میں ناکام رہنے کے بعد ہیلی کاپٹر کی مدد لی گئی۔
پولیس نے کہا کہ این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فائر بریگیڈ سروس اور تیراکوں نے بھی بچاؤ مہم میں حصہ لیا۔
ریاست میں بارش نے معمولات زندگی کو تہس نہس کر دیا ہے۔
متاثرہ علاقوں کے سبھی تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
ریاستی حکومت نے نیلور، چتور اور کڈپا ضلعے میں بچاؤ اور ریسکیو کے کاموں کی نگرانی کے لیے تین خصوصی افسران کی تقرری کی ہے۔
وزیر اعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی سنیچر کو سیلاب متاثرہ علاقوں کا ہوائی جائزہ لیں گے۔