کھیل

وارنر کے الواداع کے ساتھ آسٹریلیا کا وائٹ واش، عامر جمال مین آف دی میچ

جنوری 6, 2024 2 min

وارنر کے الواداع کے ساتھ آسٹریلیا کا وائٹ واش، عامر جمال مین آف دی میچ

Reading Time: 2 minutes

آسٹریلیا نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر وائٹ واش کر دیا ہے۔

سنیچر کو سڈنی میں آسٹریلیا نے 130 رنز کا ہدف باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈیوڈ وارنر نے 57 رنز بنائے جبکہ مارنس لبوشین 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

عامر جمال کو ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کی بنا پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا جبکہ پیٹ کمنز تین ٹیسٹ میچز میں 19 وکٹیں لے کر مین آف دی سیریز رہے۔

کھیل کے چوتھے روز پاکستان نے سات وکٹوں پر 68 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو پہلی اننگز کے ٹاپ سکورز محمد رضوان اور عامر جمال زیادہ دیر کریز پر ٹھہر سکے اور بالترتیب 28 اور 18 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ یوں پوری ٹیم 115 رنز پر آؤٹ ہو گئی اور آسٹریلیا کو 14 رنز کی برتری کے ساتھ 130 رنز کا ہدف دیا گیا۔

آسٹریلیا کی جانب سے جوش ہیزل ووڈ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے چار اور نیتھن لیون نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے محمد رضوان کے 88 اور عامر جمال کے 82 رنز کی بدولت 313 رنز بنائے تھے۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

آسٹریلیا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں عامر جمال کی عمدہ بولنگ کی بدولت 299 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔ مارنس لبوشین نے 60 اور مچل مارش 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ گرین شرٹس کی جانب سے جمال نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

سیریزمیں پاکستان کی ناقص بیٹنگ اور فیلڈنگ اس کے لیے درد سر بنی رہی. گرین شرٹس کی ہار میں ان دونوں کا بنیادی کردار رہا جبکہ ناتجربہ کار بولنگ اٹیک نے سب کی امیدوں کے برخلاف نہایت عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

عامر جمال نے اس سیریز میں اپنے ٹیلنٹ کو ثابت کیا اور بولنگ کے ساتھ ساتھ عمدہ بیٹنگ بھی کی۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ آسٹریلیا نے 360 رنز کے بھاری بھرکم مارجن سے جیتا تھا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کو 79 رنز سے شکست ہوئی تھی۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے