اینگلا مرکل چوتھی مدت کے لیے
Reading Time: < 1 minuteجرمنی میں اینگلا مرکل چوتھی مدت کے لیے چانسلر منتخب ہو گئی ہیں۔ چانسلر اینگلا مرکل کی جماعت کرسچین ڈیمو کریٹ پارٹی اور اتحادی جماعت کرسچین سوشل یونین نے 35.5 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ مرکل کی سابق اتحادی جماعت سوشل ڈیمو کریٹ پارٹی نے 20 فیصد ووٹ حاصل کرنے کے بعد اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام مخالف قوم پرست جماعت اے ایف ڈی جماعت 13 اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ حاصل کر کے انتخابات میں تیسری بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے۔
اے ایف ڈی دوسری جنگ عظیم کے بعد پہلی بار جرمن ایوان زیریں میں بیٹھے گی۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد جرمن چانسلر اینگلا مرکل نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انھیں بہتر نتائج کی توقع تھی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی حکومت اسلام مخالف قوم پرست جماعت ‘آلٹرنیٹیو فار جرمنی’ (اے ایف ڈی) کے ووٹرز خدشات، پریشانیوں اور مایوسی کو سنے گی تاکہ ان کو واپس اپنی جانب کیا جا سکے۔ مرکل نے کہا کہ ان کی حکومت معاشی اور سکیورٹی مسائل کے علاوہ پناہ گزینوں کے مسئلے کی بنیادی وجوہات پر توجہ دیں گی۔
جرمنی میں بڑی تعداد میں تارکین وطن کو پناہ دینے کی پالیسی پر ملک میں مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کے بعد حالیہ انتخابات خاصی اہمیت کے حامل تھے۔