مصباح الحق اور یونس خان وزڈن میں شامل
Reading Time: 2 minutesمصباح الحق اور یونس خان کے نام 2016 کے لیے وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں شامل کیے گئے ہیں۔ وزڈن کی جانب سے انڈیا کے وراٹ کوہلی کو سال کا سب سے نمایاں کھلاڑی قرار دیا گیا ہے جبکہ بقیہ تین کھلاڑیوں میں انگلینڈ کے بین ڈکٹ، کرس ووکس اور ٹوبی رونلڈز جونز شامل ہیں۔
دنیائے کرکٹ میں معتبر مقام رکھنے والی کتاب وزڈن ہر سال انگلینڈ میں کھیلی جانے والی بین الاقوامی اور کاؤنٹی کرکٹ میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پانچ بہترین کرکٹرز کا انتخاب کرتی ہے۔ مصباح الحق اور یونس خان سے قبل 15 پاکستانی کھلاڑی فضل محمود، مشتاق محمد، آصف اقبال، حنیف محمد، ماجد خان، ظہیرعباس، جاوید میانداد، عمران خان، سلیم ملک، وقاریونس، وسیم اکرم، مشتاق احمد، سعید انور، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف وزڈن کے پانچ بہترین کرکٹرز میں جگہ بنا چکے ہیں۔ بیالیس سالہ مصباح الحق اور چالیس سالہ یونس خان کی وزڈن کرکٹرز آف دی ایئر میں شمولیت 2016 میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی دورۂ انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ہوئی ہے۔ مصباح الحق کی قیادت میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو دو سے برابر کی تھی۔ اس نے لارڈز میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ جیتا اور پھر اگلے دو ٹیسٹ میچز ہارنے کے بعد اوول کا آخری ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کی۔ مصباح الحق نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے لارڈز ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی۔ اس کارکردگی کے نتیجے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم پہلی بار ٹیسٹ کرکٹ کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں بھی کامیاب ہوئی۔ مصباح اپنے کریئر میں پہلی بار انگلینڈ میں ٹیسٹ میچ کھیل رہے تھے اور وہ 42 سال کی عمر میں سنچری بنانے والے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے سب سے عمر رسیدہ کپتان بھی بنے۔ یونس خان نے اس سیریز کے اوول ٹیسٹ میں ڈبل سنچری سکور کی تھی۔