پاکستان

مشال خان قتل کیس میں اہم پیش رفت

اپریل 18, 2017 2 min

مشال خان قتل کیس میں اہم پیش رفت

Reading Time: 2 minutes

پاکستانی معاشرے اور نظام کو ہلا دینے والے مشال خان قتل کی تحقیقات جیسے آگے بڑھ رہی ہیں اس میں اہم اور نت نئی باتیں سامنے آ رہی ہیں۔ مقتول مشال خان کے زخمی دوست عبداللہ کے بیان میں کیے گئے انکشافات کے بعد پولیس کی تحویل میں واقعہ کے اہم ملزم وجاہت نے بھی جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے قتل میں ملوث ہونے کا اعترافی بیان دیا تھا۔ اس کے بعد ایک اور ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جس میں مشال خان کو قتل کرنے میں ملوث افراد نعرے لگا کر ایک دوسرے کو مبارکباد دے رہے ہیں، اس ہجوم سے تحریک انصاف کا مقامی کونسلر عارف پشتو میں خطاب کر رہا ہے، عارف کہتا ہے کہ مشال خان کو گولیاں مارنے والے کا نام کوئی بھی نہ لے، جس کسی نے بھی گولیاں مارنے والے کا نام لیا وہ رسول اللہ سے غداری کا مرتکب ہوگا، اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نعرے بازی کے دوران مبارکباد پیش کی جا رہی ہے اور آخر میں کونسلر اپنا نام اور والد کا نام لے کر چیلنج کرتا ہے کہ جس نے بھی مقدمہ درج کرانا ہے کرا دے۔ گزشتہ روز اہم ملزم وجاہت نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان میں کہا تھا کہ مشال خان کو قتل کرنے کی سازش یونیورسٹی کی انتظامیہ نے تیار کی تھی اور اسے اگر معلوم ہوتا کہ یہ سازش ہے تو کبھی یونیورسٹی آکر اس کا حصہ نہ بنتا۔ ملزم وجاہت نے بیان میں کہا تھا کہ اس نے مشال خان کے توہین رسالت کے مرتکب ہونے کی تقریر کی جس کی وہاں موجود ایک اور طالب علم نے تصدیق کی، اس کے بعد ہجوم مشتعل ہوا، جس کا نتیجہ مشال خان کے قتل کی صورت میں نکلا۔ دوسری جانب خیبر پختون خوا پولیس نے سپریم کورٹ میں ازخود نوٹس پر تفصیلی رپورٹ جمع کرائی ہے۔ رپورٹ میں چیف جسٹس کو اب تک کی ہونے والی تمام پیش رفت سے آگاہ کیاگیاہے، پولیس رپورٹ میں زخمی عبداللہ اور ملزم وجاہت کا اعترافی بیان بھی شامل ہے۔ پولیس رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ مقتول مشال خان کے خلاف توہین رسالت یا توہین مذہب کے شواہد نہیں ملے، مزید تفتیش جاری ہے، کل ستائیس ملزمان گرفتار کیے جاچکے ہیں۔ مردان کی عبدالولی خان یونیورسٹی کا نام تبدیل کرکے مشال خان رکھنے کی باتیں بھی کی جارہی ہیں جس عمران خان کی جانب سے تائید سامنے آئی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے صوابی میں مشال خان کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے تعزیت کی ہے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے