اداکارہ میرا شادی شدہ ہے، عدالت
Reading Time: < 1 minuteمیرا اور ان کے شوہر عتیق الرحمان کے درمیان تنسیخ نکاح کیس لاہور کی فیملی عدالت میں طویل عرصے سے زیر سماعت تھا ۔ گزشتہ سماعت میں نکاح خواں حامد خان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اداکارہ میرا اور عتیق الرحمان کا نکاح حقیقت ہے جو میں نے خود گواہان کی موجودگی میں اسلامی شریعت کے مطابق پڑھایا ۔
لاہور فیملی کورٹ کے جج بابر ندیم نے اداکارہ میرا کو عتیق الرحمان کی بیوی قرار دیتے ہوئے 18 صفحات پر مشتمل فیصلہ سنایا ہے ۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اداکارہ میرا کا نکاح نامہ حقائق پر مبنی ہے اور نکاح خواں حامد خان نے باقاعدہ اس کی تصدیق کی ہے ۔ ادکارہ میرا نے اپنی مرضی سے عتیق الرحمان سے نکاح کیا اور نکاح کے وقت تصاویر بھی حقائق پر مبنی ہیں ۔ دلہن نے نکاح کے وقت عروسی لباس پہن رکھا ہے اور تصاویر میں جو افراد موجود ہیں وہ بطور گواہ عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے نکاح کی تصدیق کی ہے ۔
عدالت نے فیصلے میں قرار دیا کہ نکاح کے بعد دونوں میاں بیوی سیاحت کے لیے بیرون ملک بھی گئے تھے جس کے شواہد بھی عدالت میں پیش کیے گئے، بعد میں دونوں کے مابین ایک گھر پر تنازع پیدا ہوگیا تھا ۔
لاہور کی فیملی عدالت میں اداکارہ میرا نے 25 جولائی 2009 کو نکاح نامہ چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ عتیق الرحمان کو جانتی تک نہیں، عتیق الرحمٰن سستی شہرت کے لیے میرا شوہر ہونے کا دعوی کر رہا ہے ۔