امن کے لیے انڈین پائلٹ کی رہائی
عفت حسن رضوی
پاکستان اور انڈیا کے درمیان جنگی صورتحال کے دوران امن کی آشا ایک بار پھر خبریں بنا رہی ہے ۔ پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے گرفتار بھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے کل بھارت بھیج دیا جائے گا ۔
پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ امن قائم کرنے کی خاطر پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ گرفتار بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو کل ان کے ملک واپس بھیج دیا جائے گا۔
انڈین فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھے نندن بدھ کو پاکستان بھارت کے درمیان ہونے والی جنگی طیاروں کی مڈ بھیڑ میں پاکستانی پائلٹ کا نشانہ بنے تھے۔ ان کا طیارہ مگ ۲۱ تباہ ہو کر پاکستانی حدود میں گر گیا تھا جبکہ وہ خود ایمرجنسی ایجیکٹ سے پاکستانی حدود میں اتر گئے تھے جنہیں بعد میں پاک فوج نے گرفتار کرلیا تھا۔
واضح رہے کہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویت نام میں ایک کانفرنس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’انہیں پاکستان اور انڈیا کی جانب سے بہتر خبریں مل رہی ہیں۔؛
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی جلد ہی ختم ہوجائے گی ۔
صدر ٹرمپ کا یہ بیان وزیراعظم عمران خان کے اعلان سے تین گھنٹے پہلے آیا جس پر بعض حلقوں اور انڈین میڈیا کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ امریکی دباو پر پاکستان نے بھارتی پائلٹ کی رہائی کا اعلان کیا ہے۔
ادھر انڈیا کی تینوں مسلح افواج کی جانب سے جمعرات کی شام مشترکہ پریس کانفرنس کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ابھی نندن کی گرفتاری اور دونوں ملکوں کی بارڈر صورتحال پر بات کی جانی تھی ۔
بھارتی میڈیا کو بھی انتظار ہے کہ اس کانفرنس میں نئی پیدا صورتحال کے بعد کیا کہا جائے گا۔

