پی آئی اے نے خاموشی سے نرخ بڑھا دیے
عفت حسن رضوی
پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن نے اندرون ملک پروازوں میں اضافی بیگ کی فیس 5800 روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم پی آئی اے کے ان نئے ریٹس کی ابھی تک تشہیر نہیں کی گئی ۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے تمام افسران کو جاری ایک سرکلر میں بتایا گیا ہے کہ یکم اپریل سے اس نئی بیگیج پالیسی کا اطلاق ہوگا، تاہم پی آئی اے کی آفیشل ویب سائٹ پر اب تک اضافی بیگ کے پرانے ریٹس یعنی فی اضافی بیگ 3000 روپے درج ہے ۔
ائیرپورٹ فیس اس کے علاوہ ہے جس کو ملا کر یہ فیس لگ بھگ 3500 روپے بنتی ہے ۔ نمائندہ پاکستان ٹوئنٹی فور نے پی آئی اے کی آفیشل بکنگ سینٹر سے اس بارے میں جاننا چاہا تو ان کا کہنا تھا کہ بیگیج کے نئے ریٹس کا سرکلر اب تک ان کے پاس نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق نئے ریٹس کے تحت اندرون ملک پروازوں میں اکانومی کلاس کا مسافر ایک دستی بیگ اور ایک بڑابیگ جس کا وزن بیس کلو گرام ہو، مفت لے جا سکتا ہے، تاہم اس ایک بیگ کے علاوہ، اگر مسافر اضافی بیگ لے جانا چاہے تو اسے پانچ ہزار آٹھ سو روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی، اس فیس میں 16 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی شامل ہے.
اس اضافی بیگ کا وزن ایک کلو سے بیس کلو گرام تک ہوسکتا ہے۔
اس سے قبل اضافی بیگ الاونس میں فیس جمع کرانے پر ایک سے 32 کلو گرام تک لے جانے کی اجازت تھی۔

پی آئی اے کا عملہ اندرونی ملک پروازوں پرعموماً مسافروں کو ایک سے تین کلو تک اضافی سامان بیگیج میں جمع کرانے میں رعایت دے دیتا تھا، تاہم نئی پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے ایسے رویے کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
پی آئی اے کے میڈیا ترجمان مشہود تاجور نے پاکستان ٹوئنٹی فور سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پی آئی اے ایک کمرشل ادارہ ہے،پٹرول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے پی آئی اے بھی متاثر ہوا ہے جس کے بعد اضافی سامان پر فیس بڑھائی گئی ہیں. انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کے بیگیج پر فیس کے نرخ 3000 روپے اس وقت کے ہیں جب پٹرول 60/70 روپے لیٹر تھا. انہوں نے واضح کیا کہ اگر پٹرول کی قیمت نیچے آئی تو پی آئی اے بھی ان نرخوں پر نظرثانی کرے گی.
خیال رہے کہ پی آئی اے کی بعض بین الاقوامی پروازوں پر ٹو پیس کانسیپٹ یعنی ایک ہینڈ کیری اور دوسرا بیگیج بغیر چارجز کے لے جانے کی اجازت ہے۔

