الیکشن جیت کر ’خلائی فوج‘ بناؤں گا، ٹرمپ
Reading Time: 2 minutesامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2020 کے صدارتی انتخابات کے لیے اپنی باضابطہ مہم کا آغاز کرتے ہوئے ووٹرز سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اگلی ٹرم میں امریکہ کو مضبوط بنانے میں ’خلائی فوج‘ کی تشکیل کریں گے۔
ریاست فلوریڈا میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ انتخابات میں صدارت کے عہدے کے لیے کھڑے ہوں گے۔ ’میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کو کبھی مایوس نہیں کروں گا۔‘
صدر ٹرمپ نے حریف جماعتوں کو ’بائیں بازو کا شدت پسند ہجوم‘ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ڈیموکریٹ امریکہ میں سوشلزم کا نظام لے آئیں گے۔ ’2020 میں کسی بھی ڈیموکریٹ کو ووٹ دینا ’شدت پسندانہ سوشلزم‘ کو پروان چڑھانے کے مترادف اور ’امریکی خواب‘ کی تباہی ہوگا۔‘
خطاب کے دوران انہوں نے گذشتہ صدارتی مہم میں کیے گئے وعدوں کو دہراتے ہوئے ایک بار پھر غیر قانونی امیگریشن، میڈیا اور سابقہ صدارتی حریف ہلری کلنٹن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ حریف جماعت سے تعلق رکھنے والے ’ڈیموکریٹس‘ امریکہ میں شدت پسندانہ تبدیلیاں لے کر آئیں گے اور سرحد پار سے آنے والے تارکین وطن کے لیے قانونی چارہ جوئی کریں گے تاکہ انتخابات میں ان سے ووٹ حاصل کر سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹس ملک تباہ کرنا چاہتے ہیں اور ایسا نہیں ہوگا۔ ’ہمارا ملک غیر ملکی مجرموں کے لیے نہیں بلکہ قانون ماننے والے شہریوں کے لیے پناہ گاہ ہونا چاہیے۔‘
خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا اداروں کو ’جھوٹی‘ خبریں پھیلانے کا ذمہ دار قرار دیا اور ملک کی مضبوط معیشت کا سہرا اپنے سر باندھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ تجارت کے معاملے پر چین پر دباؤ ڈال رہے ہیں، اور امریکی قوم کے اسلحہ رکھنے کے حق کا دفاع کریں گے۔ انہوں نے اپنے حامیوں کے سامنے ’خلائی فوج‘ بنانے کے منصوبے کو بھی دُہرایا اور مریخ میں خلائی مشن کا آغاز کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔