وزیر اور داوڑ کی ضمانت منظور
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کی پشاور ہائیکورٹ کے بنوں میں قائم بینچ نے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کی ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کی رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔
علی وزیر اور محسن داوڑ کے وکیل عبداللطیف آفریدی نے پاکستان ٹوئنٹی فور کو بتایا کہ دس لاکھ روپے کے مچلکے اور دو شخصی ضمانتوں کی فراہمی پر رہائی کا آرڈر جاری کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دونوں کی دو دیگر مقدمات میں ضمانتیں پہلے ہی ہو چکی ہیں جبکہ آج ایف آئی آر نمبر 16 میں ضمانت منظور کی گئی جو 26 جون کو انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج کی گئی تھی۔
عبداللطیف آفریدی نے بتایا کہ ضمانت میں کچھ دیگر شرائط بھی عائد کی گئی ہیں تاہم تاحال تحریری حکم نہیں ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر شرائط مناسب نہ ہوئیں تو اس پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔
وکیل نے بتایا کہ اب دونوں ارکان اسمبلی کی رہائی میں کوئی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔
پشتون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے دونوں ارکان اسمبلی کی ضمانت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
خیال رہے کہ دونوں ارکان قومی اسمبلی کو چار ماہ قبل فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔