”ٹائم از ناٹ اپ یٹ“
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں قبائلی علاقوں کے عوام کے حقوق کی جدوجہد کرنے والے پشتون تحفظ موومنٹ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ہری پور جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کو پشاور ہائیکورٹ نے تین دن قبل دس لاکھ کے مچلکوں اور دو شخصی ضمانتوں پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
علی وزیر اور محسن داوڑ پاکستان کی فوج پر تنقید کے لیے مشہور ہیں اور فوجی ترجمان نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ان کی مہلت ختم ہو چکی ہے (ٹائم از اپ فار پی ٹی ایم)۔
جنرل آصف غفور کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد دونوں پشتون ارکان اسمبلی کو وزیرستان میں فوجی چیک پوسٹ پر حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔
محسن داوڑ اور علی وزیر کی رہائی کے بعد پشتون تحفظ موومنٹ سے وابستہ افراد نے سوشل میڈیا پر تبصرے کیے ہیں کہ وقت ابھی پورا نہیں ہوا (ٹائم از ناٹ اپ یٹ)۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے ان دونوں ارکان کی غیر موجودگی میں بجٹ کی منظوری ہوئی اور تحریک انصاف کے سپیکر نے ان کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کیے۔