مولانا سے مذاکرات کریں، وزیراعظم کی ہدایت
Reading Time: < 1 minute
پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت نے اسلام آباد کی جانب احتجاجی مارچ کی کال دینے والے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس بنی گالا میں منعقد ہوا جس میں چند اہم فیصلے کئے گئے۔
”ہم ایک سیاسی جماعت ہیں اور سیاسی طریقے سے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں۔ فیصلہ کیا ہے کہ ایک کمیٹی پرویز خٹک کی قیادت میں بنائی جائے جو مولانا فضل الرحمن سے سیاسی حل نکالنے پر بات کرے گی۔“
شاہ محمود نے کہا کہ ان کی جماعت کو کوئی خوف نہیں ہے کیونکہ وہ دھرنے کے حوالے سے زیادہ مہارت رکھتے ہیں۔
”ہم سیاسی حل اس لیے چاہتے ہیں کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیرکی لڑائی لڑ رہا ہے۔ اس لیے کشمیر پر سب کی ایک آواز جانی چاہیے۔ 27 اکتوبر وہ منحوس دن ہے جب بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتاریں۔ ہمیں یہ دن کشمیریوں کے لیے منانا ہے اور دیکھنا ہے کہ کہیں چھوٹی ترجیحات بڑے مقصد کے لیے نقصان دہ نہ ہوں۔“
انہوں نے کہا کہ اب دس ماہ بعد پاکستان کے اقتصادی حالات تھوڑا بہتری کی جانب چلے ہیں۔ ”اب معیشت بہتری کی جانب بڑھی ہے اور ایک اقتصادی ٹرن آؤٹ کا آغاز ہوا ہے۔ حالات خراب ہونے سے اس سارے عمل کو نقصان ہوگا۔“