ٹانک،مسلح تصادم میں 14 ہلاک
Reading Time: < 1 minuteعظمت گل ۔ صحافی / پشاور
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا میں ڈکیت گینگ اور مقامی قبیلے کے درمیان مسلح تصادم میں کم از 14 افراد ہلاک جبکہ دس زخمی ہو گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ٹانک کے گاوں اماخیل میں بیٹنی قبیلے کے مسلح افراد نے ذاتی عداوت کی بنیاد پر بدنام زمانہ معروف مسلح گینگ انعام گروپ کے دو افراد کو قتل کیا جس کے بعد اشتعال میں آ کر انعام گروپ کے مسلح افراد نے درہ بین روڈ پر بیٹنی قبیلے کی سواریوں سے بھری فلائنگ کوچ پر فائرنگ کی جس میں موقع پر 7 افراد ہلاک ہوگئے۔
مقامی افراد کے مطابق انعام گروپ کے مسلح افراد کی جانب سے انتقامی کارروائی میں ایک ڈیزل ایجنسی پر بھی فائرنگ کی گئی جس میں مزید 6 افراد کو قتل کیا گیا۔
مقامی افراد اور پولیس اہلکاروں نے اکثر لاشوں اور دو زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹانک پہنچایا ہے جبکہ مزید لاشوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔
اس وقت تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ ضلع بھر میں پولیس کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ آرمی اور پولیس کے دستے موقع پر پہنچ گئے ہیں۔
مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔