اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین نئے ججز کون؟
Reading Time: < 1 minuteپاکستان میں اعلی عدلیہ میں ججز لگانے کی سفارش کرنے والے جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں تین نئے ججز تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون جج کو تعینات کیا جائے گا۔
رپورٹ: جہانزیب عباسی
جمعرات کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کیلئے تین ججوں کے ناموں پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن نے بلوچستان سے ایڈووکیٹ غلام اعظم قمبرانی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا جج تعینات کرنے کی سفارش کی۔
زرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن نے اسلام آباد سے فیاض احمد جندران جبکہ سندھ سے لبنی پرویز کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا جج تعینات کرنے کی بھی سفارش کی۔
جوڈیشل کمیشن نے سفارشات کو حتمی منظوری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کو بھجوا دیا ہے۔
واضح رہے لبنی پرویز اسلام آباد ہائی کورٹ کی پہلی خاتون جج ہوں گی۔