مریم نواز باہر جانے کے لیے حکومت کو درخواست دیں، عدالت
Reading Time: 2 minutesپاکستان میں لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی ریویو کمیٹی کو سات دن میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
عدالت میں مریم نواز کے وکیل امجد پرویز نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے پہلے موقف نہیں سنا گیا، نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ ملکی قوانین کے خلاف ہے۔
وکیل نے کہا کہ جس کا موقف سنے بغیر نام ای سی ایل میں ڈالا گیا اس کو عدالتوں نے ریلیف دیا، مریم نواز کسی کرپشن سے متعلقہ کیس میں ملزمہ نہیں۔
جسٹس باقر نجفی نے ہوچھا کہ کیا آپ نے پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کیا؟ وکیل نے جواب دیا کہ ہم اس عدالت میں انصاف کے لیے آئے ہیں۔ حکومتی وزرا کھلے عام کہہ رہے ہیں کہ ہم مریم کو جانے نہیں دیں گے۔ ایک معاملہ عدالت میں ہے اور وزرا اس پر اپنے فیصلے سنا رہے ہیں۔
جسٹس باقر نے کہا کہ اگر آپ حکومت کے پاس جائیں اور کابینہ اس پر فیصلہ کرے تو پھر عدالت آنا چاہیے تھا۔
وکیل نے کہا کہ ایان علی سمیت سولہ لوگوں کا نام ای سی ایل سے نکالا گیا۔ ایک مخالف جماعت حکومت میں ہے وہ کبھی بھی جانے کی اجازت نہیں دے گی ۔
عدالت نے کہا کہ آپ کس طرح پیش گوئی کر سکتے ہیں کہ وہ اجازت نہیں دیں گے۔
وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے معاملے میں یہ ساری چیزیں سامنے آئیں کہ حکومت نے نام نہیں نکالا۔
جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ حمہوریت میں تو ایسا ہوتا ہے کہ دو سیاسی جماعتیں حکومت اور اپوزیشن میں ہوتی ہیں۔ پہلے وفاقی حکومت کو درخواست دینی چاہیے تاکہ وہ اس کا فیصلہ کریں۔
مریم نواز کے وکیل نے کہا کہ حکومت تو کہتی ہے طوطے کی جان ہمارے پاس ہے، سرکار ماں ہوتی ہے سب کے مسائل حل ہونے چائیں۔
جسٹس علی باقر نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں ادارے اپنے اپنے کام کریں۔
وکیل کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے مریم نواز کو انکے پاس جانا ہے، مریم نواز حکومت کو کیسے درخواست دیں حکومت تو ان کے خلاف اقدامات کرنے کے لیے تیار بیٹھی ہے۔
جسٹس علی باقر نے کہا کہ ہم اس درخواست کو پینڈنگ رکھ کر حکومت پر پریشر نہیں رکھنا چاہتے۔
وکیل نے کہا کہ عدالت اس درخواست کو پینڈنگ رکھ لے اور حکومت کو مریم نواز کی ریویو کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دے۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ عدالت 15 دن کی مہلت دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی ریویو کمیٹی کو سات دن میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی ریویو کی درخواست پر قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا