پرکشش اور خوبصورت ہونے کا معیار کیا ہے؟
Reading Time: < 1 minuteبرطانوی جریدے ایسٹرن آئی نے سال 2019 میں ایشیا کی سب سے پُرکشش خاتون کا اعزاز بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ کو دیا ہے۔
پُرکشش خواتین کی فہرست میں دوسرے نمبر پر بالی وڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون، تیسرے نمبر پر بھارتی اداکارہ حنا خان اور چوتھے نمبر پر پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان شامل ہیں۔
برطانوی جریدے ایسٹرن آئی کی فہرست کے مطابق پاکستانی اداکارہ مہوش حیات ایشیا کی نویں پرکشش خاتون ہیں۔
مہوش حیات نے پرکشش خواتین کی اس فہرست پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے ٹویٹ کیا ہے کہ ان کو موبائل ایس ایم ایس اور سوشل میڈیا کے ذریعے مبارکباد کے پیغامات موصول ہورہے ہیں۔
”مجھے ایشیا کی پرکشش خواتین کی فہرست میں شمولیت پر بہت خوشی محسوس کرنی چاہیے اور سچ کہوں تو آج سے 10 سال قبل جب میں اس فہرست میں جگہ بنانے والی پہلی پاکستانی تھی تو اس وقت مجھے خوشی محسوس بھی ہوئی۔“
مہوش حیات نے لکھا کہ ’پرکشش ہونے کا مطلب جسمانی ساخت کے اعتبارسے خوبصورت اور دلفریب ہونا ہے۔ جنسی لحاظ سے پرکشش ہونا کسی سے مقابلے کا معیار کیسے ہوسکتا ہے؟
اداکارہ کے مطابق افراد کو ان کی کارکردگی و میرٹ پر پرکھنا چاہیے نہ کہ شکل و صورت پر۔ ان کے مطابق ایسی فہرستیں اب ماضی تک محدود ہو جانی چاہئیں۔
واضح رہے کہ رواں سال مہوش حیات کو تمغہ امتیاز دیا گیا تھا جس پر تنقید ہوئی تھی کہ ان کو یہ اداکاری کی بنیاد پر نہیں بلکہ حکومت میں ان کے تعلقات کی بنیاد پر ملا ہے۔