پاکستان پاکستان24

خیبر پختونخوا: تین وزیر کیوں فارغ کیے؟

جنوری 26, 2020

خیبر پختونخوا: تین وزیر کیوں فارغ کیے؟

پاکستان کی تحریک انصاف کی خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے تین وزرا کو پریشر گروپ بنانے پر کابینہ سے نکال دیا ہے۔

نکالے گئے وزرا میں عاطف خان، شہرام ترکئی اور شکیل احمد شامل ہیں۔ عاطف خان خیبر پختونخوا کے سینیئر وزیر کے طور پر کابینہ میں شامل تھے اور ان کے پاس سیاحت، کھیل اور امور نوجواناں کی وزارت تھی جبکہ شہرام ترکئی وزیر صحت اور شکیل احمد محکمہ مال یا ریونیو کے وزیر تھے۔

وزرا کو فارغ کیے جانے سے یہ تاثر پختہ ہوا ہے کہ تحریک انصاف میں بڑے پیمانے پر اختلافات ہیں۔

یاد رہے کہ عاطف خان اور شہرام ترکئی نے سنہ 2013 میں اپنی پارٹی تحریک انصاف میں ضم کر دی تھی۔

صوبائی کابینہ سے نکالے جانے والوں میں عاطف خان اور شہرام ترکئی آپس میں خالہ زاد بھائی ہیں اور عاطف خان وزیراعلی بننے کے بھی مضبوط امیدوار رہے ہیں۔

خیبر پختونخوا کی کابینہ سے نکالے جانے والے وزرا کے بارے میں تحریک انصاف حکومت اور پارٹی کی شخصیات نے میڈیا کو ’ذرائع‘ سے خبریں لیک کرنا شروع کر دی ہیں اور فارغ کیے جانے والے وزیروں کی نااہلی کی ’کہانیاں‘ میڈیا سے وابستہ افراد کو فراہم کی جا رہی ہیں۔

ادھر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کابینہ سے فارغ کیے گئے وزیروں کے بارے میں ذرائع ابلاغ کو بتایا ہے کہ وہ کارکردگی دکھانے کے بجائے پارٹی کے اندر پریشر گروپ بنا رہے تھے اور ان کو وزیراعظم عمران خان کی جانب سے منظوری ملنے کے بعد فارغ کیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے