پاکستان پاکستان24

سپریم کورٹ: اسد عمر اور شیخ رشید کو نوٹس جاری

فروری 7, 2020

سپریم کورٹ: اسد عمر اور شیخ رشید کو نوٹس جاری

سپریم کورٹ نے پاکستان ریلوے خسارہ کیس 12 فروری کو سماعت کےلئے مقرر کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کیلئے نوٹس جاری کردیے گئے ہیں.

رپورٹ: جہانزیب عباسی

سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ بارہ فروری کو سماعت کرے گا. جسٹس اعجاز الااحسن اور جسٹس سجاد علی شاہ بھی تین رکنی بنچ میں شامل ہیں.

سپریم کورٹ میں گزشتہ سماعت پر چیف جسٹس گلزار احمد اور وفاقی وزیر برائے ریلویز شیخ رشید کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا تھا.

چیف جسٹس نے وزیر ریلویز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا وزیر صاحب آپ کی انتظامیہ سے ریلوے نہیں چلے گی، ریلوے میں آتشزدگی کے معاملے پر آپ کو استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا.

واضح رہے اکتیس اکتوبر دو ہزار انیس کو راولپنڈی سے کراچی جاتے ہوئے رحیم یار خان کے علاقے لیاقت پور کے مقام پر تیز گام مسافر ریل میں آتشزدگی کے سبب ستر سے زائد انسان لقمہ اجل بنے تھے.

پاکستان تحریک انصاف خزب اختلاف کی جماعت کے طور پر ہمیشہ ریلوے حادثات پر وزیر ریلوے سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتی رہی. لیکن حکومت میں آکر تحریک انصاف نے بھی ماضی کی حکومتوں کی طرح خاموشی میں عافیت جانی.

سپریم کورٹ نے 12 فروری کو مقدمہ سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے اٹارنی جنرل پاکستان اور سیکرٹری پلاننگ کو بھی نوٹس جاری کردیے.چیف سیکرٹری سندھ، چیرمین اور سی ای او ریلوے سمیت دیگر فریقین کو بھی نوٹس جاری کردیے گئے.

سپریم کورٹ نے ریلوے سے بزنس پلان اور سرکولر ریلوے منصوبے پر عملدرآمد رپورٹ مانگی تھی. اسد عمر سے ایم ایل ون کے ٹینڈر میں تاخیر پر جواب طلب کیا گیا ہے۔

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے