ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کی ڈیلیٹ کردہ ٹویٹ، حکومت کا سخت ردعمل
Reading Time: < 1 minuteپاکستان کے الیکشن کمیشن نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ووٹنگ مشین فراڈ فارمولا کی ویڈیو پوسٹ کی جس میں تجزیہ کار طلعت حسین نے کچھ سوالات اٹھائے تھے جس کے بعد حکومت نے اس پر ردعمل میں چیف الیکشن کمشنر سے وضاحت مانگی ہے۔
ٹویٹ کو 2 گھنٹے بعد ڈیلیٹ کر دیا گیا تاہم وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ’الیکشن کمیشن کے اکاؤنٹ سے کی گئی غیرذمہ دارانہ ٹویٹ پر چیف الیکشن کمشنر کو وضاحت دینی چاہیے۔ الیکشن کمیشن کو قانون کے تحت چلنا ہے۔‘
سنیچر کو الیکشن کمیشن نے اعلامیے میں اس غلطی پر معذرت کی اور کہا کہ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ الیکشن کمیشن کا اکاؤنٹ مینج کرتا ہے۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے ویڈیو شیئر کرنے پر معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ ویڈیو کسی اور ویڈیو کی جگہ غلطی سے پوسٹ کی گئی۔
ترجمان کے مطابق الیکٹرانگ ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن اپنے مؤقف پر قائم ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں تحریک انصاف کی حکومت اگلے عام انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے لیے مہم چلا رہی ہے اور آرڈیننس کے ذریعے اس پر عمل کرانا چاہتی ہے جبکہ اپوزیشن کی جماعتوں نے ووٹنگ مشین پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے مسترد کر دیا ہے.
پاکستان میں غیر جانبدار تجزیہ کاروںکا خیال ہے کہ اسٹیبلشمنٹ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابی نتائج کو نہایت آسانی سے تبدیل کرا سکتی ہے.