پاکستان

کرپشن کی کہانیاں مجھے آئی ایس آئی نے بتائی تھیں: عمران خان

اگست 18, 2022

کرپشن کی کہانیاں مجھے آئی ایس آئی نے بتائی تھیں: عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اُن کو زرداری اور شریف خاندان کی کرپشن کی کہانیاں خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی نے سنائی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’اپریل میں جو ہوا، میں اسٹیبلشمنٹ سے یہ سوال پوچھتا ہوں کہ آپ نے ان لوگوں کو کیسے ہمارے ملک پر مسلط ہونے دیا جن کے بارے میں آپ خود ہی بتاتے تھے کہ انہوں نے کتنی چوری کی۔‘

جمعرات کو اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ ’اب بھی وقت ہے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کریں، بند کمروں میں کئی دفعہ اچھے فیصلے نہیں ہوتے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ماضی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ایک دوسرے پر کرپشن کے کیسز بنائے۔ میں جب جدوجہد کر رہا تھا تو آئی ایس آئی والے مجھے ان کی چوری کے بارے میں بتاتے تھے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’میں ہمیشہ سمجھتا رہا کہ ہماری اسٹیبلشمنٹ کو ملک کی زیادہ فکر ہے۔ وہ جب چوری دیکھتے ہیں تو اس پرردعمل ظاہر کرتے ہیں لیکن اب جو کچھ ہوا اس کا تو مطلب ہے کہ چوری آپ کے لیے بری چیز نہیں۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’جب میں وزیراعظم بنا تو سب کو پتا تھا کہ ان کے خلاف کون سے کیسز ہیں۔ بدقسمتی سے نیب ہمارے قابو میں نہیں تھا، مجھے سمجھ نہیں آتی تھی کہ کیسز سارے میچور ہیں پھر یہ پکڑے کیوں نہیں جا رہے۔ بعد میں پتا چلا کہ کسی کی شفقت کا ہاتھ تھا وہ کبھی ایکسلریٹر دبا دیتے تھے کبھی واپس آجاتا تھا۔ ہم تماشا دیکھ رہے ہوتے تھے۔ گالیاں ہمیں پڑ رہی ہوتی تھیں۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’نیب میرے کنٹرول میں ہوتا تو 15،20 لوگوں سے اربوں روپیہ نکلوا لیتے اور انہیں جیلوں میں ڈالتے۔‘

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے