کالم

اگر یہ کالے بکرے قربان ہوگئے تو

دسمبر 15, 2023 2 min

اگر یہ کالے بکرے قربان ہوگئے تو

Reading Time: 2 minutes

معاملات نہ سیاہ ہوتے ہیں نہ سفید، بلکہ ان کے درمیان پھیلے وسیع خلیج میں بکھرے پڑے ہوتے ہیں۔ اس خلیج کے درمیان کھڑے ہو کر دور پار نظر نہ آنے والے کنارے کو بیک جنبش قلم سیاہ یا سفید قرار دے دینا مناسب تو نہیں لیکن کیا کیجیے کہ ہمارا کڑوا ماضی ہم سب بشمول مطیع اللہ جان صاحب کو بھی خون تھوکنے پر مجبور کرتا ہے۔ سمجھ میں آنے والی بات ہے، بھلے اس سے اختلاف ہی کیوں نہ ہو۔

میں البتہ یہ ضرور کہوں گا کہ روم ایک دن میں نہیں بنا تھا۔ گزشتہ دو دہائیوں میں وہ کچھ ہوا جو اس سے پہلے بہرحال نہ ہوا تھا۔ خداوند فوج کی جانب سے ایک آمر کو باہر بھگانا پڑا، ان کے ایکس خدا پر غداری کا مقدمہ چلا، علامتی ہی کہہ لیجئے مگر پہلی بار عدالت میں غدار کی سزا پر بات ہوئی۔ یہ اس سے پہلے نہ ہوا تھا۔
اس سے پہلے عدالت میں فوج کی پولیٹیکل انجینئیرنگ کو لے کر اتنا کھل کر بات نہیں ہوئی تھی۔ اس سے پہلے آئی ایس پی آر کی پریس کانفرینس میں کھل کر سیاست میں مداخلت کا اعتراف نہ ہوا تھا۔

قابل بحث بات یہ ہے کہ ایک غلط کو درست کیسے کیا جانا چاہیے۔ آیا غلط اقدام کو ریورس کر کے یا نظر انداز کرتے ہوئے آگے بڑھ کر۔ دونوں ہی کے فوائد بھی ہیں نقصان بھی، لیکن پروجیکٹ عمران خان میں مسئلہ یہ ہے کہ نظرانداز کیا جانا تحریک انصاف کے نابینا مقلدین کی موجودگی میں خطرناک ہوگا۔ یعنی ایک کلٹ کو تخلیق کر کے اسے نظرانداز کردینے کا مطلب ہے آپ ماضی کے ساتھ ساتھ مستقبل کی بھی ریڑھ مار رہے ہیں۔

میری ذاتی رائے میں اس کلٹ کی سرکوبی نہایت اہم ہے بیشک اسے کچھ برس لگ جائیں۔ میرا خیال یہ بھی ہے کہ پراجیکٹ عمران جیسی غلطی کو فقط نظرانداز کر کے آگے بڑھ جانا پچھلے جرم کے اوپر ایک نیا جرم ہوگا۔

اس غلطی کو ریورس اور ان ڈو کرنے کے نقصانات اپنی جگہ، بہرحال اسے کھونٹی سے نہ باندھنے کی صورت میں سامنے آنے والے نقصانات سے کہیں کم ہوں گے۔

مطیع اللہ جان کی بات اپنی جگہ شاید درست ہو۔ عین ممکن ہے مار دھاڑ اور جذبات سے بھرپور اس فلم کے بعد اختتام پہلے سے ہی سکرپٹڈ ہو، تاہم جن کالے بکروں کی قربانی کی بات کی جا رہی ہے ان بکروں کا قربان ہونا تاریخ میں پہلی بار ہوگا، اگر ہوا تو۔

اور آج اگر یہ کالے بکرے قربان ہوگئے تو ایک نہ ایک دن ہم سفید ہاتھیوں پر بھی مہاوت بن کر انشاءاللہ بیٹھ ہی جائیں گے۔

Array

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے