اسلام آباد میں خواجہ سرا کے مبینہ گینگ ریپ کا مقدمہ درج، تفتیش جاری
Reading Time: < 1 minuteاسلام آباد میں م شاہ نامی ایک خواجہ سرا نے پولیس کو دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ شہر کے سیکٹر جی 13 کے کسی گھر میں متعدد افراد نے اُن کا گینگ ریپ کیا ہے۔
بیان کے مطابق ’سیکٹر ایف 10 کے مرکز میں معروف ہسپتال کے سامنے سے اُن کو کار سوار شادی کے پروگرام کے لیے رات سوا ایک بجے لے کر گیا۔‘
ایف الیون سیکٹر کے قریب میرا آبادی کی رہائشی خواجہ سرا نے بتایا کہ ’تنویر، تابی اور شعیبی نامی افراد نے مار پیٹ کی اور اسلحے کے زور پر بدفعلی کی۔‘
م شاہ کے مطابق ملزمان نے اُن سے سوا لاکھ روپے مالیت کی بالیاں، 45 ہزار روپے مالیت کا موبائل فون، سات ہزار روپے نقد چھین لیے، جبکہ ایزی پیسہ کا پاس ورڈ لے کر دو ہزار روپے اکاؤنٹ سے بھی نکلوا لیے۔‘
متاثرہ خواجہ سرا نے بتایا کہ بعدازاں ملزمان نے اُن کو جی 13 سیکٹر میں ایک جگہ پر گاڑی سے دھکا دے کر اتار دیا۔
تھانہ شالیمار پولیس نے ابتدائی بیان کی روشنی میں رپٹ درج کرنے کے بعد وقوعہ تھانہ سنبل کا قرار دیتے ہوئے متاثرہ خواجہ سرا کو وہاں بھیج دیا۔