عالمی خبریں

ایران کے ساتھ جنگ: امریکی فوج ساڑھے 9 لاکھ گیلن کافی اور ’خوب نکوٹین‘ پی گئی

اپریل 9, 2026

ایران کے ساتھ جنگ: امریکی فوج ساڑھے 9 لاکھ گیلن کافی اور ’خوب نکوٹین‘ پی گئی

امریکہ اور ایران کے درمیان ایک نازک جنگ بندی کے آغاز کے ساتھ ہی پینٹاگون نے اس چھ ہفتوں پر محیط جنگ کے دوران فوج کی غیرمعمولی ’غذائی مصارف‘ کے دلچسپ اعداد و شمار جاری کیے ہیں۔

جوائنٹ چیفس آف سٹاف کے چیئرمین، جنرل ڈین کین نے بدھ کو صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ’آپریشن ایپک فیوری‘ کے دوران امریکی فوجیوں نے جہاں دشمن کا مقابلہ کیا، وہیں اپنی تھکن مٹانے کے لیے قریباً ساڑھے 9 لاکھ گیلن کافی اور بڑی مقدار میں نکوٹین کا استعمال کیا۔

صدر ٹرمپ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے لڑائی میں وقفے کے اعلان کے چند گھنٹے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کین کا کہنا تھا ’ہم نے اس دوران 60 لاکھ سے زائد کھانے، تقریباً 9 لاکھ 50 ہزار گیلن کافی، 20 لاکھ انرجی ڈرنکس اور نکوٹین کی ایک بڑی مقدار استعمال کی۔‘
انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا ’لیکن میں یہ نہیں کہہ رہا کہ ہمیں اس کی لت پڑ گئی ہے۔‘

اگر ان اعداد و شمار کا حساب لگایا جائے تو یہ قریباً 76 لاکھ کپ کافی بنتی ہے۔ تاہم جنرل کین نے یہ واضح نہیں کیا کہ فوجی جوانوں نے انرجی ڈرنکس میں کن برانڈز کو ترجیح دی۔

جنرل کین نے ان سروس ممبرز کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے ملک کی خاطر مشکل اور غیریقینی حالات کا سامنا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک سخت اور بے رحم مہم تھی جو افراتفری، اندھیرے اور گرمی سے بھرپور تھی لیکن امریکی فورسز نے وہ عزم دکھایا جس کا قوم ان سے مطالبہ کرتی ہے۔

اسی بریفنگ کے دوران وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ نے واضح کیا کہ پینٹاگون نے ’فی الحال‘ اپنا کام مکمل کر لیا ہے تاہم امریکی افواج خطے میں اپنی موجودگی برقرار رکھیں گی-

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے